ٹرمپ کا ایران سے 8 خواتین کی رہائی کا مطالبہ، مذاکرات سے قبل اہم بیان

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران میں مبینہ طور پر سزائے موت کی منتظر 8 خواتین کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے ایرانی قیادت سے انسانی ہمدردی کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی ہے۔
یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر ایک اسرائیل کے حمایتی ایکٹوسٹ کی پوسٹ شیئر کرتے ہوئے ایرانی رہنماؤں کے نام پیغام جاری کیا۔
اپنے پیغام میں ٹرمپ نے کہا کہ ایران جلد ہی ان کے نمائندوں کے ساتھ مذاکرات میں شامل ہونے والا ہے، ایسے میں ان خواتین کی رہائی ایک مثبت اور تعمیری قدم ہوگا۔
انہوں نے زور دیا کہ ان خواتین کو کسی قسم کا نقصان نہ پہنچایا جائے اور ان کی رہائی مذاکرات کے بہترین آغاز کا ذریعہ بن سکتی ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری کی گئی پوسٹ میں ان 8 خواتین کی تصاویر بھی شامل تھیں، تاہم ان میں سے صرف ایک خاتون کی شناخت ممکن ہو سکی ہے، جو رواں سال حکومت مخالف مظاہروں میں شریک رہی تھیں۔
دوسری جانب امریکی میڈیا کے مطابق ان خواتین کی گرفتاری یا قید کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہو سکی۔
ایرانی عدلیہ نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ 8 خواتین کو سزائے موت دینے کی خبریں بے بنیاد اور گمراہ کن ہیں۔
ایرانی حکام کے مطابق کچھ خواتین کو رہا کر دیا گیا ہے جبکہ دیگر کے خلاف اگر کوئی مقدمات ہیں بھی تو ان میں قید کی سزا متوقع ہے، سزائے موت نہیں۔











